
ادارتی وضاحت: کے فار قصور کسی سیاسی جماعت کا نہیں، ضلع قصور کے عوام کا پلیٹ فارم ہے
ادارتی وضاحت
گزشتہ چند روز کے دوران کے فار قصور کی جانب سے ضلع قصور میں ہونے والی مختلف سیاسی سرگرمیوں، خصوصاً پھول نگر میں منعقدہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے جلسے، اس کے بعد سامنے آنے والے سیاسی ردِعمل، حکومتی مؤقف، مختلف جماعتوں کے بیانات اور شہریوں کے تاثرات کی مسلسل کوریج کے بعد سوشل میڈیا پر ہمارے پلیٹ فارم کے بارے میں مختلف آراء سامنے آئیں۔
بعض صارفین نے یہ تاثر دیا کہ کے فار قصور کسی مخصوص سیاسی جماعت، بالخصوص مسلم لیگ (ن)، کی حمایت کر رہا ہے، جبکہ بعض دیگر افراد نے ہمیں مختلف سیاسی جماعتوں کا ترجمان قرار دیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عوام کے اعتماد کا جواب دینا ہماری صحافتی ذمہ داری ہے، اسی لیے یہ ادارتی وضاحت جاری کی جا رہی ہے تاکہ حقائق براہِ راست عوام کے سامنے رکھے جا سکیں۔
سب سے پہلے ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ کے فار قصور کا قیام کسی سیاسی جماعت، شخصیت یا گروہ کی نمائندگی کے لیے نہیں بلکہ ضلع قصور کے عوام کی آواز بننے کے لیے عمل میں آیا تھا، اور آج بھی ہمارا یہی بنیادی مقصد ہے۔
ہمارا پلیٹ فارم آزاد، غیر جانبدار اور ذمہ دار صحافت پر یقین رکھتا ہے۔ کے فار قصور کا کوئی بھی نمائندہ، ایڈمن یا رکن کسی سیاسی جماعت سے وابستہ نہیں، نہ ہی ہمارا پلیٹ فارم کسی سیاسی جماعت، امیدوار یا گروہ کے لیے کام کرتا ہے۔ ہماری وابستگی صرف خبر، حقائق، عوامی مفاد اور صحافتی اصولوں سے ہے۔
گزشتہ چند روز کے دوران پھول نگر میں ہونے والا جلسہ ضلع قصور کا سب سے بڑا سیاسی ایونٹ تھا، جس کے باعث اس کی کوریج بھی معمول سے زیادہ رہی۔ تاہم اگر ہماری رپورٹنگ کا مکمل ریکارڈ دیکھا جائے تو حقیقت اس تاثر سے بالکل مختلف نظر آتی ہے۔
جلسے کے اعلان سے قبل ہی کے فار قصور نے اس کی خبر سب سے پہلے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شائع کی۔
https://www.facebook.com/share/p/196XG4NwND/
بعد ازاں جے یو آئی (ف) کی ضلعی قیادت کا مؤقف اور مطالبات بھی اسی طرح عوام تک پہنچائے گئے۔
https://www.facebook.com/share/p/18pQcwPxmJ/
جب پھول نگر میں جلسے سے قبل بینرز اور فلیکس اتارے گئے تو اس کی خبر اور ویڈیو بھی ہمارے پلیٹ فارم نے نمایاں انداز میں شائع کی۔
https://kforkasur.com/jui-phoolnagar-conference-banners-removed/
جلسے کی اجازت سے متعلق پیدا ہونے والی صورتحال، ضلعی انتظامیہ اور جے یو آئی (ف) کے مؤقف کو بھی تفصیل کے ساتھ رپورٹ کیا گیا۔
https://kforkasur.com/jui-phoolnagar-rally-permission-dispute/
بعد ازاں جب سیکیورٹی مشاورت کے بعد جلسے کی اجازت دی گئی تو یہ خبر بھی اسی نمایاں انداز میں شائع کی گئی۔
https://kforkasur.com/jui-phoolnagar-rally-permission-approved/
اسی طرح جے یو آئی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ نصیر احمد احرار کے خطاب اور مؤقف کو بھی مکمل خبر کی صورت میں عوام تک پہنچایا گیا۔
https://kforkasur.com/nasir-ahmad-ahrar-phoolnagar-address-kasur/
یہ صرف چند مثالیں ہیں۔ اس کے علاوہ جے یو آئی (ف) کی انتخابی مہم، جلسوں، رہنماؤں کے بیانات، ویڈیو پیغامات اور دیگر سرگرمیوں پر متعدد خبریں ہمارے پلیٹ فارم پر موجود ہیں۔ اسی طرح پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، مرکزی مسلم لیگ، جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کی بھی بے شمار خبریں اور بیانات ہمارے ریکارڈ کا حصہ ہیں، جنہیں کوئی بھی شخص کسی بھی وقت ملاحظہ کر سکتا ہے۔
یہ بھی ضروری وضاحت ہے کہ حالیہ دنوں میں بعض ایسی خبریں شائع ہوئیں جن میں مختلف سیاسی شخصیات، مقامی صحافیوں یا شہریوں نے مولانا فضل الرحمٰن یا دیگر رہنماؤں کے بیانات پر تنقید کی۔ ایسی تمام خبریں کے فار قصور کی ادارتی رائے نہیں تھیں بلکہ واضح طور پر متعلقہ شخصیات، مقامی صحافیوں یا شہریوں کے بیانات، ردِعمل اور تاثرات تھے، جنہیں صحافتی اصولوں کے مطابق ان کے نام اور حوالہ کے ساتھ شائع کیا گیا۔ خبر دینا اور کسی مؤقف کو عوام تک پہنچانا ہرگز اس مؤقف کی تائید یا مخالفت نہیں ہوتا، بلکہ یہی آزاد صحافت کا بنیادی اصول ہے۔
اسی طرح جہاں کسی سیاسی جماعت نے اپنا مؤقف پیش کیا، وہاں اسے بھی مکمل دیانت داری کے ساتھ شائع کیا گیا۔ ہمارا کام کسی جماعت یا شخصیت کے حق یا مخالفت میں مہم چلانا نہیں بلکہ خبر کو درست تناظر میں عوام تک پہنچانا ہے۔
ہم یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ مسلسل سیاسی کوریج کے باعث بعض قارئین کو یہ تاثر ملا کہ شاید ہماری توجہ ایک ہی موضوع یا جماعت پر مرکوز ہے۔ اگر ہماری کسی خبر کی ترتیب، تسلسل یا انداز سے کسی قاری کو یہ احساس ہوا کہ ہمارا پلیٹ فارم جانبدار ہے تو ہم اس تاثر پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، تاہم واضح کرتے ہیں کہ یہ کبھی بھی ہماری ادارتی پالیسی یا ارادہ نہیں تھا۔
ہماری اصل شناخت ہمیشہ ضلع قصور کے عوامی مسائل رہی ہے۔ انتظامی غفلت، سڑکوں کی خرابی، نکاسی آب، صحت، تعلیم، جرائم، ریسکیو، پولیس، مقامی حکومت، شہری شکایات اور دیگر عوامی مسائل پر کے فار قصور نے سینکڑوں رپورٹس شائع کیں، جن کے نتیجے میں متعدد معاملات متعلقہ اداروں نے حل بھی کیے۔ یہی ہماری صحافت کا اصل مقصد ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔
ہم اپنے تمام قارئین، ناظرین، ناقدین اور ان افراد کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے اختلافِ رائے کا اظہار کیا۔ تنقید کسی بھی صحافتی پلیٹ فارم کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اور ہم ہر مثبت تنقید کو کھلے دل سے قبول کرتے ہیں۔
آخر میں ہم ضلع قصور کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ کے فار قصور نہ کسی حکومت کا پلیٹ فارم ہے، نہ کسی اپوزیشن کا، نہ کسی سیاسی جماعت کا۔ یہ صرف اور صرف ضلع قصور کے عوام کا پلیٹ فارم ہے۔ ہماری وابستگی صرف سچ، خبر، عوامی مفاد اور آزاد و ذمہ دار صحافت سے ہے، اور مستقبل میں بھی ہم اسی اصول پر قائم رہیں گے۔
ادارتی ٹیم
KforKasur
