
جے یو آئی کا دعویٰ: پھولنگر میں تحفظِ مدارس کانفرنس کے مبینہ فلیکس اتار دیے گئے
قصور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ضلع قصور میڈیا سیل نے دعویٰ کیا ہے کہ 11 جولائی کو پھولنگر میں ہونے والی تحفظِ مدارس و حقوقِ عوام کانفرنس سے قبل شہر میں آویزاں کیے گئے کانفرنس کے مبینہ فلیکس اور اشتہارات اتار دیے گئے ہیں۔
جے یو آئی ضلع قصور کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پھولنگر میں لاکھوں روپے مالیت کے فلیکس ہٹا دیے گئے، جبکہ بعض ایسے کمرشل بورڈز سے بھی اشتہارات اتارے گئے جن کے بارے میں جماعت کا کہنا ہے کہ ان کا باقاعدہ کرایہ ادا کیا گیا تھا۔ بیان کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے، جس میں میونسپل کمیٹی (MC) کی جیکٹ پہنے ایک اہلکار کو مبینہ طور پر فلیکس اتارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
جے یو آئی نے اپنے بیان میں اس اقدام پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے باوجود 11 جولائی کو پھولنگر، ضلع قصور میں کانفرنس شیڈول کے مطابق منعقد ہوگی، جس سے جماعت کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن خطاب کریں گے۔ تاہم، فلیکس ہٹانے کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ ادارے کا باضابطہ مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔
