
ڈی پی او قصور کا سخت ایکشن، کرپشن اور غیر حاضری پر دو پولیس اہلکار ملازمت سے برخاست
قصور (18 جولائی): ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے محکمانہ نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے اردل روم کے دوران سخت کارروائی کرتے ہوئے کرپشن اور غیر حاضری میں ملوث دو پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کر دیا۔
ڈی پی او قصور نے اپنے دفتر میں اردل روم کا انعقاد کیا، جس میں ضلع بھر سے پولیس افسران اور اہلکار شوکاز نوٹسز کے جواب دینے کے لیے پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران شواہد اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد کرپشن کا الزام ثابت ہونے پر ایک کانسٹیبل جبکہ مسلسل غیر حاضری پر ایک پی ایس اے (PSA) کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
اس کے علاوہ معمولی نوعیت کی بے ضابطگیوں پر 12 پولیس اہلکاروں کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے ان کے شوکاز نوٹسز فائل کر دیے گئے۔
اس موقع پر ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے کہا کہ پولیس فورس عوام کے اعتماد کی علامت ہے، اس لیے کرپشن، بددیانتی، غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویے پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ نااہل، کام چور اور بددیانت اہلکاروں کی محکمہ پولیس میں کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیشہ ورانہ دیانت، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور محکمہ کے وقار کو نقصان پہنچانے والے اہلکاروں کے خلاف قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یہ کارروائی محکمہ پولیس میں احتساب، شفافیت اور نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنانے کی پالیسی کا حصہ ہے۔
