
پھولنگر میں جے یو آئی کے جلسے کی اجازت مل گئی، سیکیورٹی مشاورت کے بعد انتظامات مکمل
قصور: 11 جولائی کو پھولنگر میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام ہونے والے تحفظِ مدارس و حقوقِ عوام کانفرنس کے انعقاد کی اجازت دے دی گئی ہے۔ جلسے میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سمیت مرکزی و صوبائی قیادت کی شرکت متوقع ہے۔
جلسے سے قبل اجازت کے معاملے پر جماعت اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان صورتحال کشیدہ رہی۔ جے یو آئی کی جانب سے پہلے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ کانفرنس کے تشہیری فلیکس مبینہ طور پر ہٹا دیے گئے، جبکہ جماعتی رہنماؤں نے اعلان کیا تھا کہ اجازت نہ ملنے کی صورت میں بھی جلسہ طے شدہ مقام اور وقت پر منعقد کیا جائے گا۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جلسے کے انتظامات اور حفاظتی امور کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشاورت اور سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے بعد جلسے کی اجازت دے دی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے جلسے کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک اور دیگر انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ شرکاء اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
