
قصور: 20 فٹ گہرے کنویں میں گرنے والا 65 سالہ بزرگ ریسکیو 1122 کے بروقت آپریشن سے بحفاظت نکال لیا گیا
قصور (23 جولائی): قصور کے نواحی گاؤں فقیرے والا میں 20 فٹ گہرے کنویں میں گرنے والے 65 سالہ بزرگ کو ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت باہر نکال لیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹرول روم کو صبح 11:32 بجے اطلاع موصول ہوئی کہ گاؤں فقیرے والا میں ایک شخص کنویں میں گر گیا ہے، جس پر ریسکیو کی تین گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کی گئیں۔
ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر معلوم کیا کہ 65 سالہ محمد یاسین ولد محمد شفیع کنویں میں نصب موٹر کی مرمت کے لیے اتر رہے تھے کہ پھسل کر تقریباً 20 فٹ گہرے کنویں میں جا گرے۔
ریسکیو اہلکاروں نے خصوصی آلات کی مدد سے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بزرگ کو بحفاظت کنویں سے باہر نکالا۔ ابتدائی طبی معائنے کے دوران ان کے دائیں ہاتھ پر کٹ کا زخم پایا گیا، تاہم وہ ہوش میں تھے۔ موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال قصور منتقل کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر نئیر عالم خان نے کامیاب ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کی تعریف کی۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کنوؤں، بورنگ اور دیگر گہرے مقامات پر کام کرتے وقت حفاظتی تدابیر ضرور اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔
