
قصور اور گردونواح میں فجر سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری، شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں
قصور: ضلع قصور اور اس کے گردونواح میں آج فجر کے وقت سے مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
قصور شہر کے علاوہ پتوکی، چونیاں، کھڈیاں خاص، کوٹ رادھا کشن، الہ آباد، پھول نگر، مصطفیٰ آباد (للیانی)، کنگن پور اور ملحقہ علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔
بارش کے باعث نشیبی علاقوں، سڑکوں اور گلی محلوں میں پانی جمع ہونے کے امکانات موجود ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ اگر سفر ناگزیر ہو تو احتیاط سے گاڑی چلائیں، موٹرسائیکل سوار پھسلن والی سڑکوں پر خصوصی احتیاط کریں اور بجلی کی لٹکتی ہوئی تاروں، ٹوٹے ہوئے کھمبوں اور بارش کے پانی میں ڈوبے برقی آلات سے دور رہیں۔
والدین سے بھی گزارش ہے کہ بچوں کو نالوں، برساتی پانی، جوہڑوں اور کھلے گڑھوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں، جبکہ شدید بارش اور گرج چمک کے دوران غیر محفوظ مقامات پر کھڑے ہونے سے بھی اجتناب کریں۔
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
