
قصور: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، 2 ہزار لیٹر غیر معیاری دودھ تلف، 40 ہزار روپے جرمانہ
قصور: ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایت اور ڈائریکٹر (آپریشنز) سینٹرل پنجاب کی زیر نگرانی پنجاب فوڈ اتھارٹی قصور نے غیر معیاری دودھ سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دیں۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے رات گئے تک شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرتے ہوئے 52 ہزار لیٹر دودھ کی جدید لیکٹوسکین مشین کے ذریعے کوالٹی چیک کی۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق معیار پر پورا نہ اترنے والے 2 ہزار لیٹر دودھ کو موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ ذمہ دار افراد کو 40 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں باقاعدگی سے فوڈ پوائنٹس کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں، جبکہ ملاوٹی دودھ کی ترسیل روکنے کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
