
معرکۂ حق میں شکست کے بعد دشمن نے ہائبرڈ وارفیئر اور جھوٹے پروپیگنڈے کا سہارا لینا شروع کر دیا، کور کمانڈرز کانفرنس
راولپنڈی، 6 جولائی 2026:
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس کے دوران فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہری شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کی قربانیوں کو پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استحکام کی بنیاد قرار دیا۔
فورم نے ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، پاکستان آرمی کی آپریشنل تیاری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جنگی استعداد کا جائزہ لیا۔ اعلامیے کے مطابق فورم نے کہا کہ “معرکۂ حق” میں دشمن کو جامع شکست کے بعد پاکستان کے مخالف عناصر اب بیرونی سرپرستی میں ہائبرڈ وارفیئر، ڈس انفارمیشن مہمات اور دیگر غیر روایتی ذرائع کے ذریعے ملک میں بے چینی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ریاستی سرپرستی میں پراکسیز، دہشت گردی، غلط معلومات کے پھیلاؤ اور ہائبرڈ حربوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ہر کوشش کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
فورم نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے گا، جبکہ شورش زدہ علاقوں میں مؤثر گورننس، عوامی خدمت اور فلاحی اقدامات کے ذریعے امن و استحکام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فورم نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پرامن تنازعات کے حل، بین الاقوامی قوانین کے احترام اور علاقائی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
