
قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں کی چونیاں آمد، ملکی سکیورٹی کو بنیادی مسئلہ قرار دے دیا
چونیاں: قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں چونیاں پہنچے، جہاں انہوں نے رانا اقبال مراکہ کی طرف سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ آج ہمارا بنیادی مسئلہ ملک پاکستان کی سکیورٹی ہے، اہل اقتدار سے درخواست ہے ملک کی حفاظت کریں، پاک فوج ملک کی حرمت اور قوم کی حفاظت کیلئے جان دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے ایک خطہ کے لوگ را اور دیگر ایجنسیوں سے پیسے لے کر پاکستان میں دہشت گردی کرواتے ہیں، دہشتگرد ڈپٹی کمشنر اور مسافر بسوں سے پنجابیوں کو نکال کر انہیں شہید کرتے ہیں۔ اس سب دراندازی اور دہشتگردی کو کون روک رہا ہے، وہ ہماری پاک فوج ہے۔
قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ ہندوستان نے ایک مسجد پر بلیسٹک میزائل مار کر ہمارے نمازیوں کو شہید کیا، میں انہیں ذاتی طور پر جانتا ہوں، وہ دہشتگرد تو نہیں تھے۔ ہندوستان نے سندھ طاس معاہدہ ختم کیا، بم دھماکے کئے لیکن دس مئی مارکہ حق نے ثابت کیا اور میرا سر فخر سے بلند ہوا۔ ہندوستان کے طیارے گرائے، ائیر بیس کو تباہ کیا گیا، قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔
