
چھانگا مانگا گول چکر پر ریسکیو 1122 ایمبولینس پر مسلح ڈاکوؤں کی لوٹ مار
قصور: ریسکیو 1122 ضلع قصور کے مطابق 9 اگست 2026 کو چھانگا مانگا گول چکر کے قریب مسلح ڈاکوؤں نے ریسکیو 1122 کی ایمبولینس KSA-10، PTS 49376 کو روک کر ریسکیو اہلکاروں سے نقدی چھین لی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ایمبولینس ایمرجنسی سروس انجام دینے کے بعد واپس چونیاں جا رہی تھی۔ ایمبولینس میں EMT انجم علی بابر اور LTV اعظم سوار تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق چھانگا مانگا گول چکر کے قریب کچھ مسلح افراد ایک گاڑی سے لوٹ مار کر رہے تھے۔ ملزمان نے ریسکیو ایمبولینس کو بھی روک لیا اور ریسکیو عملے کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعے کے دوران ملزمان ریسکیو اہلکاروں سے نقدی چھین کر فرار ہوگئے، تاہم ریسکیورز کے موبائل فون اور دیگر سرکاری سامان محفوظ رہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر دے دی گئی، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔
ریسکیو 1122 ضلع قصور نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو عملہ عوام کی جان بچانے کے لیے دن رات خدمات انجام دے رہا ہے اور ایسے واقعات انسانی خدمت میں رکاوٹ ہیں۔
ریسکیو 1122 نے متعلقہ حکام سے ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کرنے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
