
Kasur Wheat Cultivation Target Set at 320,000 Acres
قصور (23 اکتوبر 2026ء): ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی زیرِ صدارت ضلعی کمیٹی برائے گندم کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم کی کاشت کے مقررہ ہدف کے حصول، زرعی مداخل کی دستیابی اور کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ضلع قصور میں گندم کی کاشت کے لیے 3 لاکھ 20 ہزار ایکڑ کا ہدف مقرر ہونے پر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ گندم کے سیزن کے لیے تصدیق شدہ بیج، کھادوں اور زرعی زہروں کا مناسب اسٹاک موجود ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ان کی دستیابی اور فراہمی کی مؤثر نگرانی کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق گندم کی پیداوار میں اضافے، غذائی تحفظ اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت 4,500 روپے فی من مقرر کیے جانے سے کاشتکاروں کو بہتر معاوضہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے محکمہ زراعت اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں میں آگاہی مہم چلائی جائے اور انہیں معیاری بیج، متوازن کھادوں اور جدید زرعی طریقوں سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ پروگرام کے تحت الاٹ شدہ سرکاری اراضی سمیت دیگر دستیاب سرکاری زمینوں پر گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے، زرعی ضروریات کی بلا تعطل فراہمی اور فیلڈ سطح پر اقدامات کی نگرانی کا بھی حکم دیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) زوہیب ممتاز، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ زراعت، محکمہ انہار، محکمہ خوراک اور محکمہ تعلقات عامہ کے نمائندگان، کھاد و پیسٹی سائیڈ ڈیلر ایسوسی ایشنز کے نمائندوں اور کاشتکاروں نے شرکت کی۔
