
قصور میں افسوسناک حادثہ، ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے کمسن بھائی جاں بحق، بہن شدید زخمی
قصور: اسکول سے چھٹی کے بعد گھر واپس جانے والے کمسن بہن بھائی ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ گئے، جس کے نتیجے میں بھائی موقع پر جاں بحق جبکہ بہن شدید زخمی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں بہن بھائی اسکول سے گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ٹریکٹر ٹرالی نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثے میں بھائی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا جبکہ بہن شدید زخمی ہو گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور پولیس موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق بچے کی لاش اور زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں بچی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ بچوں کے اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
