
قصور پاسپورٹ آفس میں FIA کی کارروائی، متعدد ملازمین سمیت 11 افراد حراست میں
قصور: پاسپورٹ آفس قصور میں FIA نے مبینہ کرپشن اور شہریوں سے غیر قانونی رقوم وصول کیے جانے کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد ملازمین سمیت 11 افراد کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق FIA کے سب انسپکٹر راؤ شفیق نے ٹیم کے ہمراہ پاسپورٹ آفس قصور میں کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران پاسپورٹ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد وقاص، ڈیٹا انٹری آپریٹر محمد الیاس اور UDC شہزاد اسلم کو حراست میں لیے جانے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران تین سکیورٹی گارڈز کلیم، مقیم اور احمد جبکہ سویپر غلام مصطفیٰ بھی زیرِ حراست لیے گئے۔
اسی طرح مبینہ طور پر نجی طور پر کام کرنے والے مین ٹاؤٹس رؤف، عرفان اور نعمان کو بھی حراست میں لیے جانے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاسپورٹ آفس میں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پنجاب پولیس کے کانسٹیبل روحیل کو بھی کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ FIA ٹیم تمام زیرِ حراست افراد کو مزید تفتیش کے لیے لاہور منتقل کر گئی ہے۔
ابتدائی طور پر سامنے آنے والی معلومات کے مطابق کارروائی پاسپورٹ آفس میں مبینہ کرپشن، شہریوں سے غیر قانونی رقوم وصول کرنے اور مبینہ غیر قانونی سہولت کاری سے متعلق شکایات کی بنیاد پر کی گئی۔
تاہم FIA حکام کی جانب سے تاحال کارروائی یا زیرِ حراست افراد کے خلاف الزامات کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ حتمی صورتحال تحقیقات اور FIA کے باضابطہ مؤقف کے بعد مزید واضح ہوگی۔
KForKasur اس معاملے میں سامنے آنے والی مزید سرکاری معلومات اور پیش رفت سے اپنے قارئین کو آگاہ کرتا رہے گا۔
