
قصور: مردہ جانور کے گوشت کی ترسیل ناکام، 160 کلوگرام گوشت برآمد، ملزم گرفتار
قصور: ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز قصور راؤ عبید الرحمن کی زیرِ نگرانی مضرِ صحت گوشت سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم پتوکی نے موٹر وے پولیس کی اطلاع پر پھول نگر پتوکی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گاڑی LOB-5447 کو چیک کیا، جس میں مردہ جانور منتقل کیا جا رہا تھا۔
موقع پر موجود ویٹرنری آفیسر نے معائنے کے بعد تصدیق کی کہ جانور ذبح کیے جانے سے قبل ہی مردہ تھا، جو انسانی استعمال کے لیے ناقابلِ استعمال اور مضرِ صحت قرار دیا گیا۔
کارروائی کے دوران تقریباً 160 کلوگرام مردہ جانور برآمد کرکے موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ جانور کی منتقلی کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔
ملزم کو پولیس کے حوالے کرکے مقدمہ درج کروا دیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ مردہ جانوروں کا گوشت انسانی خوراک کے طور پر استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
