
مریم نواز کا 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ اے آئی فعال صوبہ بنانے کا ہدف
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) فعال صوبہ بنانے کا ہدف مقرر کر دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے صوبائی مشیر برائے مصنوعی ذہانت و خصوصی اقدامات علی مصطفیٰ ڈار نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اے آئی وژن 2029 کی باضابطہ لانچنگ پر مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران صوبائی مشیر علی ڈار نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اے آئی آفس کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ کو پنجاب میں قائم کیے گئے دنیا کے پہلے مصنوعی ذہانت فعال ڈیلیوری یونٹ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ پنجاب کے اے آئی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطح ٹیم سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں گلوبل ڈیلیوری ماہرین کے تعاون سے تیار کردہ آن بورڈنگ پروگرام اور جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ اے آئی این ایبلڈ صوبہ بنانے کے وژن پر جاری پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اے آئی وژن 2029 کے چھ بنیادی ستونوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ اے آئی وژن 2029 پر پیشرفت کے جائزے کے لیے پہلی سی ایم اے آئی اسٹاک ٹیک کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
