
قصور: خاتون منشیات فروش گرفتار، ایک کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد؛ مقامی صحافی کی خبر کے بعد پولیس کی کارروائی
قصور: تھانہ بی ڈویژن پولیس نے خاتون منشیات فروش کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد کر لی اور مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او وحید عارف کی سربراہی میں کی گئی کارروائی کے دوران رکن پورہ کی رہائشی فاریہ اکبر زوجہ شاہ جہان عرف شاہیہ کمبوہ کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے ایک کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کا شوہر شاہ جہان عرف شاہیہ کمبوہ بھی منشیات فروشی کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے۔ ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اس کارروائی سے تقریباً 24 گھنٹے قبل مقامی صحافی آصف عثمانی نے سوشل میڈیا پر اس معاملے سے متعلق خبر بریک کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ایک بڑی منشیات فروش خاتون گرفتار کی گئی ہے اور دیکھنا یہ ہوگا کہ معاملہ ایف آئی آر تک پہنچتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں اہلِ علاقہ کی جانب سے ڈی پی او قصور کی طرف امید بھری نگاہوں کا بھی ذکر کیا تھا۔
بعد ازاں 28 جولائی 2026 کو قصور پولیس نے باضابطہ طور پر خاتون ملزمہ کی گرفتاری، ہیروئن کی برآمدگی اور مقدمہ درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کارروائی کی تفصیلات جاری کر دیں۔
