
کھڈیاں ریلوے اسٹیشن کے قریب 3 سالہ بچہ جوہڑ میں ڈوب گیا، ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن جاری
قصور: کھڈیاں ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ایک جوہڑ میں 3 سالہ بچہ ڈوب گیا، جس کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق 16 جولائی 2026 کی شام کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوئی کہ کھڈیاں ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک بچہ پانی کے جوہڑ میں گر کر ڈوب گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 قصور کی تین گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق 3 سالہ حسنین ولد سلیم مرغیوں کو پکڑتے ہوئے جوہڑ میں گر گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جوہڑ کی گہرائی تقریباً 8 فٹ جبکہ چوڑائی 300 فٹ ہے، جس کے باعث ریسکیو آپریشن احتیاط سے جاری رکھا گیا ہے۔ انسیڈنٹ کمانڈر مقبول جہانگیر کی نگرانی میں ریسکیو اہلکار بچے کی تلاش میں مصروف ہیں، تاہم آخری اطلاعات تک آپریشن جاری تھا۔
ریسکیو 1122 نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی نقل و حرکت پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں جوہڑوں، تالابوں، نالوں یا دیگر کھلے آبی ذخائر کے قریب ہرگز اکیلا نہ جانے دیں، کیونکہ معمولی غفلت بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
