
دکھ کی گھڑی میں اہلِ علاقہ کے ساتھ، کھڈیاں سانحے پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی مسلسل موجودگی کو شہریوں نے سراہا
قصور/کھڈیاں خاص: کھڈیاں ریلوے اسٹیشن کے قریب جوہڑ میں ڈوبنے والے تین سالہ حسنین کی المناک موت نے پورے علاقے کو غمزدہ کر دیا۔ سرچ آپریشن کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان خود جائے حادثہ پر پہنچے، ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کر کے دلی ہمدردی اور اظہارِ یکجہتی کیا۔
اس موقع پر سامنے آنے والی ایک تصویر نے شہریوں کی خصوصی توجہ حاصل کی، جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی غم سے نڈھال ایک معمر خاتون کو سہارا دیتے اور انہیں دلاسہ دیتے ہوئے دکھائی دیے۔ مقامی حلقوں نے اس منظر کو ایک عوامی نمائندے کی جانب سے مشکل گھڑی میں اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی علامت قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی صرف رسمی دورے تک محدود نہیں رہے بلکہ رات بھر ریسکیو حکام سے سرچ آپریشن کی پیش رفت کے بارے میں مسلسل معلومات حاصل کرتے رہے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو بھی بار بار موقع پر بھیج کر انتظامات اور آپریشن کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی تاکہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا سکے۔
بعد ازاں جمعہ کی صبح ریسکیو ٹیم نے طویل سرچ آپریشن کے بعد تین سالہ حسنین کی لاش جوہڑ سے برآمد کر لی، جس کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا مزید گہری ہو گئی۔
کھڈیاں خاص اور ضلع قصور کے متعدد شہریوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی کی متاثرہ خاندان سے ہمدردی، مسلسل رابطے اور جائے حادثہ پر موجودگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے نمائندوں سے یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ خوشی کے ساتھ ساتھ مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں بھی اپنے لوگوں کے درمیان موجود رہیں۔ ان کے مطابق یہی عوامی تعلق اور زمینی رابطہ وہ وجہ ہے جس کے باعث علاقے کے لوگ سپیکر پنجاب اسمبلی سے خصوصی وابستگی اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
