
بلھے شاہ ایکسپریس افتتاح کے لیے تیار، 17 جولائی سے لاہور، کھڈیاں خاص کے راستے پاکپتن تک سفر کا آغاز
قصور: کامیاب ٹرائل کے بعد بلھے شاہ ایکسپریس باقاعدہ افتتاح کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ٹرین 17 جولائی سے لاہور، قصور، کھڈیاں خاص کے راستے پاکپتن تک اپنی باقاعدہ سروس کا آغاز کرے گی، جسے جنوبی پنجاب اور ضلع قصور کے عوام کے لیے ایک اہم سفری پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب 17 جولائی کو شام 5 بجے کھڈیاں خاص ریلوے اسٹیشن پر منعقد ہوگی، جہاں عوامی اجتماع بھی متوقع ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق ٹرائل کامیاب رہنے کے بعد تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور ٹرین اپنی پہلی باقاعدہ افتتاحی سروس کے لیے تیار ہے۔
بلھے شاہ ایکسپریس کی بحالی اور آغاز سے بالخصوص کھڈیاں خاص، قصور اور پاکپتن کے مسافروں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی، جبکہ مقامی سطح پر کاروباری، تعلیمی اور مذہبی سفروں میں بھی آسانی پیدا ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ شہری حلقے اس منصوبے کو خطے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
