
قصور کے وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو ٹف ٹائم دیا، نصیر احمد احرار
قصور/پھول نگر: جمعیت علمائے اسلام (ف) پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ نصیر احمد احرار نے پھول نگر میں منعقدہ تحفظِ مدارس و حقوقِ عوام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع قصور میں مذہبی جماعتوں کا مضبوط ووٹ بینک موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدواروں نے ماضی کے ہر انتخاب میں بھرپور حصہ لیا اور قصور کے وڈیروں، جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور فرعون صفت حکمرانوں کو ٹف ٹائم دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر مذہبی جماعتیں متحد ہو جائیں اور مذہبی ووٹ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائے تو آئندہ انتخابات میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق جماعت کی قیادت اور کارکنان کو اتحاد کے ساتھ عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانا ہوگا۔
حافظ نصیر احمد احرار نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ پھول نگر میں منعقد ہونے والی تحفظِ مدارس و حقوقِ عوام کانفرنس پنجاب کی سیاست میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی اور اس کے مثبت اثرات آئندہ سیاسی منظرنامے پر بھی دیکھنے کو ملیں گے۔
