
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا سرگودھا چیمبر آف کامرس کا دورہ، کاروباری مسائل پر بریفنگ
سرگودھا: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے سرگودھا چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا، جہاں چیمبر کے عہدیداران اور صنعت و تجارت سے وابستہ شخصیات نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی کو سرگودھا کی معاشی سرگرمیوں، صنعتی و تجارتی شعبے، زرعی پیداوار اور سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں عالمی شہرت یافتہ کینو سمیت دیگر زرعی اجناس اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سرگودھا چیمبر آف کامرس کے صدر، جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے، جنہوں نے کاروباری طبقے کو درپیش مختلف امور سے آگاہ کیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت صنعتی و تجارتی شعبے کی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ تاجر برادری ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
