
لاہور ہائیکورٹ نے وکیل کے بھائی کے قتل کیس میں قصور کے سابق ایس ایچ او حسن عمران کی ضمانت خارج کردی
مقامی صحافی آصف قصوری کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے وکیل کے بھائی کے قتل میں ایس ایچ او حسن عمران کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
ملزم ایس ایچ او حسن عمران کی ضمانت خارج ہونے پر وکلا نے انہیں دھر لیا۔ بھاری پولیس سکیورٹی کے باوجود ملزم ایس ایچ او اور وکلا میں ہاتھا پائی ہوئی۔
ہائیکورٹ سکیورٹی ملزم ایس ایچ او کو چھڑا کر سکیورٹی روم لے گئی، جبکہ وکلا کی بڑی تعداد احاطہ ہائیکورٹ میں موجود تھی۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے کیس کی تفتیش میں پولیس ملازمین کو گناہگار قرار دیا۔ وکیل کے بھائی کو گرفتار کرکے ایک ہی دن میں چار مقدمے درج کیے گئے تھے۔
کسٹوڈیل ٹارچر ایکٹ کے تحت ایف آئی اے نے کیس کی تحقیقات کیں۔ جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے ایس ایچ او للیانی حسن عمران کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
پولیس نے ملزمان کی ضمانت خارج ہوتے ہی انہیں ہتھکڑیاں لگا دیں، جبکہ ہائیکورٹ سکیورٹی نے ملزمان کو تھانہ پرانی انارکلی پولیس کے حوالے کردیا۔
