
کور کمانڈرز کانفرنس: 9 مئی جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش پر فیصلہ کن کارروائی کا عزم
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس کے شرکا نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ملکی دفاع کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
فورم نے ملک کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان کے حقِ دفاعِ ذات اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ہدفی کارروائی کے حق پر زور دیا۔
کانفرنس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کو سراہا گیا، تاہم اس کے ساتھ عوامی سطح پر مؤثر طرزِ حکمرانی، عوام سے مؤثر رابطے، دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کے خاتمے اور پولیس کی استعداد بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
فورم نے داخلی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی بہانے ملک میں انتشار پیدا کرنے یا 9 مئی جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش سے قانون کے مطابق فیصلہ کن انداز میں نمٹا جائے گا۔
کانفرنس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔ فورم نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور حرمین شریفین کے تحفظ و تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستان کے اصولی مؤقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلے کے حل کی حمایت بھی دہرائی۔
اختتامی کلمات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا اور جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور مختلف شعبوں کے باہمی انضمام کے ذریعے جنگی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
