
چھانگا مانگا میں ٹریکٹر اور موٹر سائیکل کا تصادم، 55 سالہ خاتون جاں بحق، ڈبل روڈ کا مطالبہ پھر سامنے آگیا
چھانگا مانگا: بھوئے آصل سٹاپ پر تیز رفتار ٹریکٹر اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 55 سالہ خاتون زبیدہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔
حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
حادثے کے بعد کوٹ رادھا کشن کی مرکزی شاہراہ کو ڈبل کرنے کے مطالبے کے لیے ہونے والے احتجاج کی یاد بھی تازہ ہوگئی۔ 7 اگست 2026 کو کوٹ رادھا کشن میں ڈبل روڈ کی تعمیر کے مطالبے کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا، جس میں شہریوں، سماجی حلقوں، تاجروں، طلبہ اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ تحصیل کوٹ رادھا کشن کی مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے، جبکہ سنگل روڈ ہونے کی وجہ سے آئے روز حادثات پیش آتے ہیں، جن میں متعدد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور کئی شہری زخمی یا معذور ہو چکے ہیں۔
شرکاء نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا تھا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کوٹ رادھا کشن ڈبل روڈ منصوبے کو فوری طور پر منظور کرکے اس پر عملی کام کا آغاز کیا جائے۔
مظاہرین کے مطابق محفوظ اور کشادہ شاہراہ نہ صرف ٹریفک حادثات میں کمی کا باعث بنے گی بلکہ علاقے کی معاشی سرگرمیوں، کاروبار، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو بھی سہولت فراہم کرے گی۔
احتجاج میں شریک شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ مزید حادثات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچنے کے لیے اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
