
قصور میں سب انسپکٹر کو زبردستی رشوت دینے کی کوشش، ملزم گرفتار
قصور: تھانہ سٹی پھول نگر میں تعینات سب انسپکٹر ہدایت اللہ کو مبینہ طور پر زبردستی رشوت دینے اور ٹریپ کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس قصور کے مطابق مقدمہ نمبر 674/26 کے مدعی رحمت علی نے ملزم کو گنہگار لکھنے اور گرفتار کرنے کے لیے تفتیشی افسر کو 10 ہزار روپے رشوت دینے کی کوشش کی۔ سب انسپکٹر ہدایت اللہ نے رشوت لینے سے انکار کرتے ہوئے رقم کو حرام قرار دیا، تاہم مدعی مبینہ طور پر زبردستی پیسے ان کی جیب میں ڈالنے کی کوشش کرتا رہا۔
پولیس کے مطابق تفتیشی افسر نے مدعی کو پیچھے ہٹانے کی کوشش کی، جس دوران کھینچا تانی کے باعث ان کی وردی پھٹ گئی اور بٹن بھی ٹوٹ گئے۔
تھانہ سٹی پھول نگر پولیس نے رشوت دینے کی کوشش، کارِ سرکار میں مداخلت اور مزاحمت سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے کہا ہے کہ جھوٹی درخواستیں دینے اور پولیس اہلکاروں کو ٹریپ کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ رشوت ستانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور رشوت لینے میں ملوث پائے جانے والے پولیس اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کارروائی کی جائے گی۔
