
Kasur DC Orders Effective Field Action Against Dengue
قصور: ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا نے انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں میں عملی اقدامات اور مؤثر فیلڈ مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صرف اعداد و شمار اور رپورٹس کافی نہیں بلکہ زمینی سطح پر نظر آنے والی کارکردگی کو ترجیح دی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس قصور کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں انسدادِ ڈینگی اقدامات، انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس، لاروا تلفی، ہاٹ سپاٹس کی نگرانی، صفائی، نکاسی آب اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ صحت، پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ایریگیشن، ماحولیات، لوکل گورنمنٹ، سکول ایجوکیشن سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری سرگرمیوں اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے ہدایت کی کہ پانی جمع ہونے والی جگہوں کی فوری نشاندہی کرکے صفائی اور نکاسی آب یقینی بنائی جائے۔ قبرستانوں، پارکس، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، خالی پلاٹس، زیرِ تعمیر عمارتوں، ٹائر شاپس، کباڑ خانوں اور پانی ذخیرہ کرنے والی جگہوں سمیت ممکنہ ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس کریں اور جہاں ڈینگی لاروا یا اس کی افزائش کے امکانات موجود ہوں، وہاں فوری تدارکی کارروائی کی جائے۔ متعلقہ افسران خود فیلڈ سرگرمیوں کی نگرانی کریں اور ماتحت ٹیموں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔
ڈپٹی کمشنر نے واسا، لوکل گورنمنٹ، ایریگیشن اور دیگر اداروں کو نالوں، ڈرینوں، سیوریج لائنوں اور بارشی پانی کی نکاسی کا نظام فعال رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے میں پانی کھڑا ہونے کی اطلاع پر فوری کارروائی کی جائے تاکہ مچھروں کی افزائش روکی جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت یا فیلڈ مانیٹرنگ میں کمزوری کی صورت میں متعلقہ افسران اور اہلکاروں کی ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔ شہریوں کو بھی ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے اور گھروں، گلی محلوں اور اردگرد صفائی برقرار رکھنے کی ترغیب دینے کی ہدایت کی گئی۔
