
قصور: بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کو پنجاب کا ماڈل ہسپتال بنانے کا عزم، ایم ایس ڈاکٹر رضا سہیل
قصور: بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور کے نئے تعینات ہونے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رضا سہیل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ہسپتال کو پنجاب کا ماڈل ہسپتال بنایا جائے گا، جبکہ کسی بھی مریض کو باہر سے دوا لانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا اور تمام ضروری سہولیات ہسپتال کے اندر فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
آصف عثمانی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رضا سہیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کو ادویات سمیت تمام ضروری سہولیات ہسپتال کے اندر ہی فراہم کی جائیں۔
ایم ایس ڈاکٹر رضا سہیل نے کہا کہ وہ اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر انجام دیتے ہیں اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور صفائی کے ذمہ دار عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈاکٹر رضا سہیل نے عزم ظاہر کیا کہ بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کو قصور کا ماڈل ہسپتال بنانے کے لیے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف، ہسپتال کے دیگر عملے، عوام اور صحافتی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔
