
صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قصور کا امریکی قونصل جنرل سے ملاقات، پاک امریکہ تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال
قصور: چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قصور کے صدر کاشف کھوکھر نے لاہور میں امریکہ کے قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز (Stetson Sanders) سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے موقع پر پاک امریکہ دوستی کی علامت کے طور پر ایک یادگاری پودا بھی لگایا گیا۔ تقریب میں پاکستان کی کاروباری برادری کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جن میں ایس ایم تنویر، عاطف اکرام شیخ (صدر ایف پی سی سی آئی)، زکی اعجاز (ریجنل چیئرمین ایف پی سی سی آئی پنجاب)، منظور الحق ملک اور عمران صلاح الدین بھی شامل تھے۔
صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قصور کاشف کھوکھر نے اس موقع پر کہا کہ بین الاقوامی تجارتی روابط کو مضبوط بنانا، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا اور مقامی صنعت و برآمدات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس نوعیت کے روابط دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔
