
DPO Kasur Attends Women’s Safety Awareness Seminar
قصور: گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین قصور میں ہراسگی، تشدد اور خواتین کو درپیش دیگر مسائل کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد طالبات کو خواتین کے حقوق، تحفظ اور ہراسگی کے خلاف آواز اٹھانے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
قصور پولیس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق منعقدہ اس پروگرام میں ڈی پی او قصور نے طالبات کو ہراسگی، تشدد اور خواتین کے حقوق سے متعلق آگاہی لیکچرز دیے۔ طالبات کو اپنے حقوق کے تحفظ، مسائل کی بروقت نشاندہی اور ہراسگی یا تشدد کی صورت میں آواز بلند کرنے کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
کالج آمد پر طالبات کی جانب سے ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس افسران، کالج انتظامیہ اور طالبات بھی موجود تھیں۔
کالج انتظامیہ نے ڈی پی او قصور کو یادگاری شیلڈ پیش کی، جبکہ قصور پولیس کی جانب سے کالج انتظامیہ کو بہترین کارکردگی پر اعزازی شیلڈز دی گئیں۔
قصور پولیس کے مطابق خواتین کے تحفظ، بااختیار بنانے اور تعلیمی اداروں میں ہراسگی سے پاک محفوظ ماحول کے قیام کے لیے آگاہی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔
