
تلونڈی قتل کیس: مقتول نے قتل سے قبل پولیس کو درخواست دی، احسن رضا خان نے پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیا
قصور: تلونڈی میں ویٹرنری ڈاکٹر کے قتل کے واقعے پر رکن پنجاب اسمبلی احسن رضا خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ مقتول نے 5 جولائی کو پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کروائی تھی، جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ اسے قتل کیا جا سکتا ہے، تاہم بعد ازاں اسے قتل کر دیا گیا۔ احسن رضا خان نے اپنے بیان میں سوال کیا، “انسپکٹر جنرل پنجاب صاحب! اس کا مجرم کون ہے؟ کیا تحصیل چونیاں کو کچے کا علاقہ بنایا جا رہا ہے؟”
یاد رہے کہ پولیس نے واقعے کے بعد جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔ مقتول کی مبینہ درخواست اور اس پر ہونے والی کارروائی کے حوالے سے پولیس کا باضابطہ مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا۔
