قصور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، غیر قانونی آئل پروسیسنگ یونٹ سے 195 کلو مشتبہ آئل و گھی برآمد
قصور: ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد اور ڈپٹی کمشنر قصور آصف رضا کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز قصور راؤ عبید الرحمن کی زیرِ نگرانی صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ویجیلنس ٹیم کی نشاندہی پر قصور کے علاقے جاوید ٹاؤن میں ایک آئل پروسیسنگ یونٹ پر چھاپہ مارا۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران ایک غیر قانونی آئل پروسیسنگ یونٹ فعال پایا گیا، جہاں استعمال شدہ گھی کے خالی پیکٹس کو کمپریسر مشین کے ذریعے دبا کر ان میں موجود بچا ہوا تیل اور گھی نکالا جا رہا تھا، جسے مختلف فوڈ بزنسز کو سپلائی کیے جانے کا انکشاف ہوا۔
کارروائی کے دوران 195 کلوگرام مشتبہ لوز آئل/گھی اور 2,000 کلوگرام استعمال شدہ گھی و آئل کے خالی پیکٹس قبضے میں لے لیے گئے، جبکہ دو ملزمان کو پولیس کے حوالے کرکے مقدمہ درج کرا دیا گیا۔
مزید برآں آئل پروسیسنگ مشین، ایل پی جی گیس سلنڈر، وزن کرنے والی مشین اور پلاسٹک ڈرمز بھی ضبط کر لیے گئے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر معیاری و مضرِ صحت خوراک کی تیاری یا فروخت میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
