
قصور پولیس کی کارروائی، خطرناک ڈکیت گینگ کے 7 ارکان گرفتار، 10 لاکھ کا مالِ مسروقہ برآمد
قصور: ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی ہدایت پر تھانہ تھہ شیخم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راہزنی کی وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث اکبر عرف طوطا خطرناک ڈکیت گینگ کے 7 ارکان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے لوٹا گیا تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کا مالِ مسروقہ اور جدید ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
برآمد ہونے والے مالِ مسروقہ میں 4 لاکھ روپے نقدی، 3 موٹر سائیکلیں اور 10 موبائل فونز سمیت دیگر قیمتی سامان شامل ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان موٹر سائیکلوں پر 2، 3 افراد کی ٹولیوں کی صورت میں سوار ہو کر راہگیروں کو اسلحہ کے زور پر لوٹتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمان نے تھہ شیخم، صدر قصور، بی ڈویژن اور گنڈا سنگھ کی حدود میں راہزنی اور چوری کی ڈیڑھ درجن سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان آئس کا نشہ کرتے ہیں اور نشے کی لت پوری کرنے کے لیے وارداتیں کرتے تھے۔
ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے کارروائی پر ایس ایچ او تھہ شیخم اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔
