
قصور سے تعلق رکھنے والا طالب علم لاہور کی نجی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں مردہ پایا گیا
لاہور: ضلع قصور سے تعلق رکھنے والا ایک طالب علم لاہور کی ایک معروف نجی یونیورسٹی کے ہاسٹل کے کمرے میں مردہ پایا گیا۔
ڈان اخبار کے مطابق جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت احمد عدنان کے نام سے ہوئی، جو یونیورسٹی میں نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام (NOP) کے تحت دوسرے سال کا طالب علم تھا اور ہاسٹل میں رہائش پذیر تھا۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز یونیورسٹی انتظامیہ کو اطلاع ملی کہ احمد عدنان اپنے ہاسٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں موجود ہے، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی اور اہل خانہ کو بھی واقعے سے آگاہ کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی معائنے میں متوفی کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں ملے۔ اہل خانہ نے بھی واقعے کے حوالے سے قانونی کارروائی کرانے سے گریز کیا۔
پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے تحت پوسٹ مارٹم کرایا، جس کی ابتدائی رپورٹ میں دل کا دورہ (Cardiac Arrest) موت کی ممکنہ وجہ قرار دی گئی ہے، تاہم حتمی وجہ پوسٹ مارٹم کی مکمل رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
