
چین کے شمال مغربی علاقوں میں شدید بارشیں اور سیلاب، ہزاروں افراد کا انخلا
بیجنگ: چین کے شمال مغربی صوبے شانشی (Shaanxi) میں شدید بارشوں اور سیلاب نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔ سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شدید بارشوں کے باعث کئی سڑکیں بہہ گئیں، پلوں کو نقصان پہنچا جبکہ بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پیدل پہنچ کر پینے کا پانی، چاول اور دیگر ضروری سامان فراہم کر رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ 30 جولائی سے اب تک صوبہ شانشی میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب چین مشرقی ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنے والے طوفان “ڈولفن” (Typhoon Dolphin) کے لیے بھی تیاریاں کر رہا ہے، جس کے 9 سے 10 اگست کے درمیان شنگھائی سے فوجیان تک ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ طوفان کے باعث تیز ہواؤں اور مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
چینی حکام نے مختلف صوبوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے خدشے کے پیشِ نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
