
پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے کی وضاحت: آئندہ 10 روز تک دریائے ستلج میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں
قصور: پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری تازہ صورتحال کے مطابق آئندہ 10 روز تک دریائے ستلج میں کسی بھی قسم کی سیلابی صورتحال کا کوئی خدشہ نہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گنڈا سنگھ کے مقام پر اس وقت 2,000 کیوسک پانی کا اخراج ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جو معمول کے مطابق ہے اور خطرے کی کوئی صورتحال موجود نہیں۔
ضلع قصور، گنڈا سنگھ، کنگن پور، چونیاں، پتوکی اور دریائے ستلج سے ملحقہ دیگر علاقوں کے رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں، افواہوں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غلط معلومات پر ہرگز یقین نہ کریں۔
شہری صرف پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ مستند معلومات پر اعتماد کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
