
قصور: حافظِ قرآن نے مبینہ طور پر روٹی کے تنازع پر اپنی والدہ کو قتل کر دیا
قصور: قصور شہر کی بستی صابری (تھانہ بی ڈویژن) میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک حافظِ قرآن نے مبینہ طور پر روٹی کے تنازع پر اپنی 60 سالہ والدہ غلام فاطمہ کو قتل کر دیا۔
کے فار قصور کے نمائندے اور مقامی صحافی آصف عثمانی کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں سامنے آیا ہے کہ حافظ بلال نامی نوجوان کا اپنی والدہ سے معمولی گھریلو تنازع ہوا۔ بعد ازاں وہ مبینہ طور پر اپنی والدہ کو گھر کی دوسری منزل پر لے گیا، جہاں اس نے ٹوکے کے پے در پے وار کر کے انہیں موقع پر ہی قتل کر دیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے کی وجہ کھانا تیار نہ ہونے پر ہونے والا جھگڑا بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس اس معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے اور حتمی وجہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام محرکات اور حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد واضح کیے جائیں گے۔
🕒 اپڈیٹ: یہ خبر ابتدائی بریکنگ نیوز شائع ہونے کے چند منٹس بعد کے فار قصور کے نمائندے اور مقامی صحافی آصف عثمانی سے موصول ہونے والی نئی تفصیلات کی روشنی میں اپڈیٹ کی گئی ہے۔
