
قصور: راہزنی کی وارداتوں میں ملوث سلیم عرف سلیمی ڈکیت گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار
قصور (23 جولائی): تھانہ منڈی عثمانوالا پولیس نے راہزنی کی وارداتوں میں ملوث ایک سرگرم ڈکیت گینگ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سلیم عرف سلیمی ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو اس کے ساتھی زنیر جٹ سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایس ایچ او تھانہ منڈی عثمانوالا ملک جبار کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی 2 لاکھ روپے نقدی، 3 موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان موٹرسائیکل پر سوار ہو کر منڈی عثمانوالا اور گردونواح میں شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمان نے متعدد سنگین وارداتوں کا انکشاف بھی کیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے کامیاب کارروائی پر تھانہ منڈی عثمانوالا پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیس ٹیم کو شاباش دی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
