
مولانا فضل الرحمٰن کے بیانات پر بھارتی میڈیا کے ردِعمل کے بعد حنا پرویز بٹ کی تنقید
قصور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ “مولانا فضل الرحمٰن کو مبارک ہو کہ ان کا بیانیہ وہی بن چکا ہے جو بھارتی چینلز پاکستان کے خلاف چلا رہے ہیں۔”
حنا پرویز بٹ نے اپنے پیغام میں مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان آرمی، پولیس اور شہداء سے متعلق بیانات کو بھارتی میڈیا نے نمایاں انداز میں نشر کیا اور ان پر جشن منایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی رہنما کو اپنے الفاظ کے انتخاب میں ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ قومی مفادات کو نقصان نہ پہنچے۔
رکن پنجاب اسمبلی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام کے ساتھ بھارتی میڈیا کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ مؤقف کو بھارتی ذرائع ابلاغ پاکستان کے خلاف اپنے بیانیے میں استعمال کر رہے ہیں۔
