
استحکام پاکستان پارٹی کے ایم پی اے شعیب صدیقی کی مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
قصور: استحکام پاکستان پارٹی (IPP) کے رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیانات کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی ہے۔
قرارداد کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں کو سیاسی تنقید کا نشانہ بنانا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔ قرارداد میں پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کی خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
شعیب صدیقی نے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات قومی مفاد کے منافی ہیں اور اس نوعیت کا بیانیہ دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچا سکتا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قومی اداروں کے وقار کو مجروح کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
واضح رہے کہ یہ قرارداد استحکام پاکستان پارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ اس پر پنجاب اسمبلی کی کارروائی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے باضابطہ ردِعمل تاحال سامنے نہیں آیا۔
