
پھول نگر جلسے کی اے آئی تصویر پر مقامی صحافی کی تنقید، شرکاء کی تعداد بڑھا چڑھا کر دکھانے کا الزام
قصور: پھول نگر میں جمعیت علمائے اسلام (ف) پنجاب کے جلسے کے بعد جماعت کے جنرل سیکرٹری حافظ نصیر احمد احرار کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک تصویر پر مقامی صحافی نے تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) سے تیار کی گئی تصویر ہے، جس میں جلسے کے شرکاء کی تعداد کو حقیقت سے زیادہ ظاہر کیا گیا۔
مقامی صحافی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں مؤقف اختیار کیا کہ اس نوعیت کی تصاویر عوامی اجتماعات کے بارے میں غلط تاثر پیدا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں کی حقیقی عکاسی ہونی چاہیے اور عوام کے سامنے اصل صورتحال پیش کی جانی چاہیے۔
یاد رہے کہ حافظ نصیر احمد احرار نے اسی تصویر کے ساتھ اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ پھول نگر کا جلسہ پنجاب کی سیاست پر گہرے اثرات چھوڑ گیا ہے اور اس کے بعد مختلف حلقوں میں اس پر بحث جاری ہے۔
واضح رہے کہ تصویر کے مصنوعی ذہانت سے تیار کیے جانے اور شرکاء کی تعداد بڑھا چڑھا کر دکھانے کا دعویٰ مقامی صحافی کی جانب سے کیا گیا ہے۔ KforKasur اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں کرتا، جبکہ جے یو آئی (ف) پنجاب کی جانب سے بھی اس تنقید پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
