
تلونڈی میں ویٹرنری ڈاکٹر کا دن دیہاڑے قتل، ایم پی اے احسن رضا خان کا سخت ردعمل، اہل خانہ کا احتجاج
قصور: تلونڈی میں نامعلوم افراد نے دن دیہاڑے ایک ویٹرنری ڈاکٹر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
واقعے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی احسن رضا خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا، “تلونڈی میں ویٹرنری ڈاکٹر شریف کا دن دیہاڑے قتل افسوسناک ہے۔ آئی جی صاحب! تحصیل چونیاں میں بڑھتا ہوا کرائم پولیس پر سوالیہ نشان ہے۔”
دوسری جانب مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے چند گز کے فاصلے پر پولیس چوکی موجود ہے، تاہم ان کے مطابق پولیس واقعے کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد پہنچی۔ مقتول کے اہل خانہ نے انصاف کے مطالبے کے لیے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج بھی کیا۔ پولیس نے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے اس دعوے پر باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا کہ جائے وقوعہ کے قریب چوکی ہونے کے باوجود تاخیر کیوں ہوئی۔
