
چونیاں: کامرس کالج امتحانی مرکز میں جعلی امیدوار پکڑا گیا، مقدمے کے لیے استغاثہ دائر
چونیاں: گورنمنٹ کامرس کالج چونیاں کے امتحانی مرکز میں دوسرے امیدوار کی جگہ امتحان دیتے ہوئے ایک جعلی امیدوار کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا، جبکہ اصلی امیدوار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص ڈاکٹر عبد القدیر پولی ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے ایک امیدوار کی جگہ امتحان دے رہا تھا۔ امتحانی عملے کو شک ہونے پر جانچ پڑتال کی گئی تو جعلسازی کا انکشاف ہوا، جس کے بعد جعلی امیدوار کو تحویل میں لے لیا گیا۔
واقعے کے بعد امتحانی مرکز کے سنٹر انچارج نے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سٹی چونیاں میں استغاثہ دائر کر دیا ہے تاکہ ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
پولیس نے استغاثہ موصول ہونے کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ فرار ہونے والے اصلی امیدوار کی تلاش بھی جاری ہے۔
