
پتوکی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، سندھ سے آئے تین مزدور زخمی
پتوکی: تھانہ صدر پتوکی کی حدود میں واقع گاؤں واں ادھن کے قریب ڈکیتی کی ایک افسوسناک واردات کے دوران سندھ سے محنت مزدوری کے لیے پنجاب آنے والے تین مزدور ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق سندھ کے رہائشی حسن علی، بابر علی اور دلبر علی مونجھی (دھان) کی فصل لگانے کے سلسلے میں پنجاب آئے ہوئے تھے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ گاؤں واں ادھن کے قریب موجود تھے کہ مسلح ڈاکوؤں نے انہیں گن پوائنٹ پر روک کر نقدی اور موبائل فون چھین لیے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے بعد ازاں مزدوروں سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تینوں مزدور زخمی ہوگئے۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
