
الہ آباد واپڈا تنازعہ: ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی کا دوٹوک مؤقف، ظلم برداشت نہیں ہوگا
الہ آباد میں رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی سے محلہ فیصل آباد کے معزز رہائشیوں نے ملاقات کی اور واپڈا سے متعلق حالیہ پیش آنے والے معاملے پر تفصیلی آگاہ کیا۔
اہلیانِ محلہ کے مطابق چند روز قبل واپڈا اہلکاروں نے محلہ کا ٹرانسفارمر زبردستی اتارنے کی کوشش کی، تاہم مقامی لوگوں نے متحد ہو کر اس اقدام کی شدید مزاحمت کی اور اسے ناکام بنا دیا۔ بعد ازاں واپڈا حکام کی جانب سے مبینہ طور پر اہلِ علاقہ کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی، جس پر علاقے میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرانسفارمر انہوں نے اپنے دورِ پاکستان تحریکِ انصاف میں عوام کی سہولت کے لیے نصب کروایا تھا، اور عوامی مفاد کے اس منصوبے پر کسی قسم کی زیادتی یا قبضہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے اہلِ محلہ کے اتحاد اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام نے اپنے حق کا دفاع کر کے قابلِ قدر مثال قائم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں ہر ممکن قانونی، اخلاقی اور سیاسی حمایت فراہم کی جائے گی۔
ڈاکٹر لکھوی نے واضح کیا کہ عوامی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اور مبینہ ناجائز اقدامات کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی تاکہ انصاف کو یقینی بنایا جا سکے۔
