
Kasur Police Arrest Three Suspected Drug Dealers, Recover Over 6kg Hashish
قصور میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تھانہ صدر قصور پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 6 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف امتناعِ منشیات کی دفعات کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس قصور کے مطابق یہ کارروائیاں ڈی پی او آفتاب احمد پھلروان کی خصوصی ہدایات پر کی گئیں۔ ایس ایچ او تھانہ صدر قصور اشفاق احمد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے تین مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں کھارہ کا رہائشی امجد عرف انجو شامل ہے، جس کے قبضے سے 2 ہزار 200 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گنڈا سنگھ کے رہائشی جمیل سے 2 کلوگرام جبکہ فتح پور کے رہائشی جاوید سے 2 ہزار 150 گرام چرس برآمد کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس کے مطابق ڈی پی او آفتاب احمد پھلروان کی زیرِ نگرانی قصور شہر سمیت ضلع بھر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
