
Kasur MC Acts on Illegal Sale of Public Land in Muhammad Ahmad Khan Town
قصور: میونسپل کمیٹی قصور نے محمد احمد خان ٹاؤن میں قبرستان کی اراضی، پارکس اور اوپن اسپیسز کی مبینہ غیر قانونی خرید و فروخت کے معاملے پر کارروائی شروع کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی ہدایات پر میونسپل آفیسر پلاننگ محمد عثمان باجوہ کی نگرانی میں متعلقہ ریکارڈ اور شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس قصور کے مطابق کارروائی کا مقصد قبرستان کے لیے مختص اراضی، عوامی پارکس اور کھلی جگہوں کو ان کے اصل مقاصد کے لیے محفوظ بنانا اور ان کے غیر مجاز استعمال، منتقلی یا تجارتی استحصال کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔
متعلقہ حکام دستیاب ریکارڈ اور شواہد کی روشنی میں قانونی تقاضوں کے مطابق معاملے کی جانچ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خلاف ورزی کا تعین کیا جا سکے۔
میونسپل آفیسر پلاننگ محمد عثمان باجوہ کا کہنا ہے کہ عوامی فلاح کے لیے مختص اراضی کی غیر قانونی خرید و فروخت، ناجائز قبضے یا تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کی کسی بھی کوشش کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔
