
قصور ڈی پی ایس میں مبینہ مالی بے ضابطگیاں، جہانگیر چوپڑہ کی برطرفی کا نوٹیفکیشن منظرِ عام پر آگیا
قصور: قصور ڈی پی ایس میں مبینہ مالی غبن، بدعنوانی، بے ضابطگیوں اور دیگر سنگین الزامات کے معاملے میں جہانگیر چوپڑہ کو نوکری سے برخاست کرنے کا نوٹیفکیشن منظرِ عام پر آ گیا ہے۔
قصور سے تعلق رکھنے والے صحافی میاں کاشف نے اپنی فیس بک پوسٹ میں نوٹیفکیشن شیئر کرتے ہوئے معاملے کی تفصیلات بیان کی ہیں۔
میاں کاشف کے مطابق نوٹیفکیشن میں مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں، فنڈز میں خرد برد، غبن، بدعنوانی، ڈی پی ایس کو بھاری مالی نقصان پہنچانے، غیر قانونی و غیر مجاز اخراجات سمیت دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
صحافی میاں کاشف نے اپنی پوسٹ میں سوال اٹھایا کہ مارچ کے فیسٹیول کے دوران نرسری، پریپ اور پلے گروپ کے بچوں سے تصاویر کے نام پر فی بچہ 350 روپے نقد وصول کیے گئے تو یہ رقم کس کے حوالے کی گئی؟ ہزاروں بچوں سے جمع ہونے والی رقم کہاں گئی اور اس کا ریکارڈ کہاں ہے؟
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے، جمع شدہ رقم کی تفصیلات، کل رقم اور اس کی ادائیگی کا ریکارڈ سامنے لایا جائے۔
میاں کاشف کے مطابق صرف نوکری سے برخاست کرنا کافی نہیں، بلکہ اگر مالی بے ضابطگیاں ثابت ہوئی ہیں تو ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے رقم کی ریکوری بھی کی جانی چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مبینہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کے ذمہ دار افسران کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے کیس اینٹی کرپشن اور نیب کو بھجوایا جائے۔
واضح رہے کہ مذکورہ الزامات اور مطالبات صحافی میاں کاشف کی جانب سے اپنی فیس بک پوسٹ میں بیان کیے گئے ہیں، جبکہ الزامات کی حتمی قانونی حیثیت متعلقہ تحقیقات اور کارروائی کے بعد ہی واضح ہوگی۔
