
Two Injured in Separate Firing Incidents in Kasur
قصور: ضلع قصور میں گزشتہ شب فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دکاندار سمیت دو افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور منتقل کر دیا۔
ریسکیو 1122 قصور کے ترجمان کے مطابق پہلا واقعہ رات 8 بج کر ایک منٹ پر ٹھہ شیخم کے مقام پر پیش آیا، جہاں فائرنگ سے 27 سالہ شخص ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ٹیم گاڑی KSA-17 کے ذریعے موقع پر پہنچی اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی معلومات میں بتایا گیا کہ سابقہ تلخ کلامی کی رنجش پر ایک شخص نے دکاندار پر فائرنگ کی۔
دوسرا واقعہ رات 10 بج کر 34 منٹ پر گاؤں میر محمد میں پیش آیا، جہاں راستے کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان جھگڑا ہوا اور فائرنگ کے نتیجے میں 36 سالہ شخص بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کی گاڑی KSA-08 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد دی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور منتقل کر دیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دونوں واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کو بروقت طبی امداد فراہم کی گئی۔
