
قصور: گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین میں سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد
قصور: گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین قصور میں شعبۂ علومِ اسلامیہ کے زیرِ اہتمام سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات اور اساتذہ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
کانفرنس کے لیے امسال عصرِ حاضر کے اہم موضوع ”امن، رواداری اور بین المذاہب احترام“ کا انتخاب کیا گیا، جسے معاشرتی ہم آہنگی اور باہمی اخوت کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا گیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے ان روشن پہلوؤں پر روشنی ڈالی جو معاشرے میں امن، رواداری اور بین المذاہب احترام کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات انسانیت کو جوڑنے اور عدل و احترام پر مبنی معاشرے کے قیام کا درس دیتی ہیں۔
محترمہ نبیرہ نعیمی نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے اسوۂ رسول ﷺ پر عمل کرنے اور ایک بااخلاق و پرامن معاشرے کی تشکیل میں خواتین کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے طالبات کو کیریئر کاؤنسلنگ بھی فراہم کی۔
کانفرنس کے دوران طالبات کی جانب سے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور درود و سلام کا سلسلہ جاری رہا، جس سے تقریب کی فضا روحانی کیفیت سے معمور رہی۔ اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
