
بلھے شاہ ایکسپریس بحال، کھڈیاں خاص سمیت ضلع قصور کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا شکریہ
قصور/کھڈیاں خاص: ضلع قصور، بالخصوص کھڈیاں خاص اور گردونواح کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ بلھے شاہ ایکسپریس کی سروس دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔ ٹرین کا باقاعدہ افتتاح 17 جولائی 2026 کو کیا جائے گا، جس کے بعد ہزاروں مسافروں کو ایک بار پھر ریلوے کی سفری سہولت میسر آئے گی۔
ریلوے حکام کے مطابق بلھے شاہ 257 اپ پسنجر ٹرین روزانہ صبح 5 بجے پاکپتن سے روانہ ہو کر قصور کے راستے صبح 10 بج کر 50 منٹ پر لاہور پہنچے گی، جبکہ بلھے شاہ 258 ڈاؤن شام 4 بجے لاہور سے روانہ ہو کر رات 9 بج کر 30 منٹ پر پاکپتن پہنچے گی۔ یہ ٹرین پانچ اکانومی کلاس کوچز اور ایک پاور وین پر مشتمل ہوگی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق بلھے شاہ ایکسپریس کی بحالی ایک دیرینہ عوامی مطالبہ تھا، جس کے پورا ہونے سے طلبہ، ملازمین، کاروباری افراد اور روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سروس کی بحالی سے کھڈیاں خاص ریلوے اسٹیشن کی رونقیں بھی دوبارہ بحال ہوں گی اور مقامی سطح پر سفری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔
عوامی حلقوں نے اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوامی مطالبے کو عملی شکل دینا علاقے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے مثبت اثرات آنے والے برسوں تک محسوس کیے جائیں گے۔
